ملتان میں ایک باپ اپنے بیٹے کو کفن کے بغیر دفنانے قبرستان پہنچ گیا

ملتان میں ایک افسوسناک واقع پیش آیا ہے جس نے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ایک بزرگ والد اپنے25سالہ بیٹے کی میت کو کفن کے بغیر قبرستان لے پہنچا کیونکہ اس کے پاس کفن خریدنے کے لیے بھی رقم موجود نہیں تھی۔
اطلاعات کے مطابق یہ لوگ ملتان کے علاقے رضا آباد کے رہائشی ہیں اور ذرائع کے مطابق متوفی نوجوان، دانش، مبینہ طور پر نشے کا عادی تھا اور چند روز قبل9محرم الحرام کو اس کی طبعی موت واقع ہوئی۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پولیس نے میت ورثا کے حوالے کر دی تاکہ تدفین کی جا سکے۔ تاہم گھر کی مالی حالت اس قدر خراب تھی کہ اہلِ خانہ کفن کا انتظام بھی نہ کر سکے۔
بزرگ والد نے میت کو شاپر میں پیک کیا اور دفنانے جارہا تھا تو کسی نے راستے میں دری اوپر ڈال دی تاکہ بدبو نا آئے۔ جب بزرگ والد میت کو لے کر ملتان کے رشید آباد قبرستان پہنچا تو میت سے بدبو آنے لگی۔ اس صورتحال پر گورکن اور وہاں موجود افراد کو معاملہ مشکوک محسوس ہوا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ تھانہ لوہاری گیٹ ملتان کی مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور تدفین کے عمل کو یقینی بنایا۔ بعد ازاں متوفی کے ایک رشتہ دار، جو اس کا بھانجا بتایا جاتا ہے، نے مالی مدد فراہم کی۔ اسی رقم سے کفن خریدا گیا اور دانش کی باعزت تدفین ممکن ہو سکی۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔ بہت سے صارفین نے اس واقعے کو بڑھتی ہوئی غربت اور عام آدمی کی مشکلات کی عکاسی قرار دیا، کہ ایک طرف حکومت اشرافیہ اور حکمرانوں کو مراعات دے رہی ہے جبکہ دوسری طرف عام آدمی کا جینا اور مرنا دونوں مشکل ہوچکے ہیں